Lockdown named
Lockdown named "Word of the Year" by Collins Dictionary

رواں برس کے آغاز میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے جب چین کے شہر ووہان میں انسان سے انسان تک منتقل ہونے والے وائرس کو روکنے کے لیے پابندیاں نافذ کی گئیں تو لفظ لاک ڈاؤن کا استعمال کیا گیا ۔ اس کے بعد دنیا بھر کے اکثر ممالک میں بتدریج مکمل اور پھر جزوی لاک ڈاؤنز لگائے گئے اور یوں اس لفظ کا استعمال اس سال معمول سے زیادہ کیا گیا ۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق عالمی وبا کورونا وائرس کے دوران لفظ ” لاک ڈاؤن” کے استعمال میں تیزی سے اضافے کے بعد کولنز ڈکشنری نے اسے سال 2020 کا ورڈ آف دی ایئر قرار دیا ہے ۔ اس حوالے سے کولنز ڈکشنری نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ لفظ اربوں افراد کے مشترکہ تجربے کو بیان کرتا ہے ۔ لغت نویسوں نے سال 2020 کے دوران لفظ ‘لاک ڈاؤن’ کا استعمال ڈھائی لاکھ سے زائد مرتبہ رجسٹرڈ کیا جسے گزشتہ برس کے مقابلے میں 4 ہزار مرتبہ زیادہ استعمال کیا گیا تھا ۔

ڈکشنری کے مطابق لاک ڈاؤن کا مطلب’ سفر، سماجی میل جول اور عوامی مقامات تک رسائی پر سخت پابندیوں کا نفاذ ہے ۔ لاک ڈاؤن کا لفظ اس وقت عام استعمال میں آیا تھا جب دنیا بھر کی حکومتوں نے سال 2020 کے اوائل میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سخر پابندیاں نافذ کی تھیں ۔

سال میں زیادہ استعمال ہونے والے 10 الفاظ کی فہرست میں عالمی وبا سے منسلک دیگر الفاظ میں ‘فرلو'(furlough)، “کی ورکر” (key worker)، ‘سیلف آئسولیٹ’ (self-isolate)، ‘سوشل ڈسٹینسنگ’ (social distancing) ‘کورونا وائرس’ (coronavirus) شامل ہیں ۔ علاوہ ازیں سال 2020 میں وبا سے منسلک الفاظ کے علاوہ زیادہ استعمال ہونے والے الفاظ 2020 کے سماجی اور سیاسی اتار چڑھاؤ کی عکاسی کرتے ہیں ۔

کولنز ڈکشنری کے مطابق امریکا میں سیاہ فام شخص جارج فلائیڈ کی ہلاکت کے بعد بلیک لائیو میٹر تحریک کے مخفف ”بی ایل ایم” کے استعمال میں 581 فیصد اضافہ رجسٹرڈ کیا گیا ۔ علاوہ ازیں ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس کے شاہی خاندان سے دستبرداری کے لیے بریگزٹ کی طرز پر بنی اصطلاح ” میگزٹ” کا بھی بہت زیادہ استعمال دیکھنے میں آیا ۔ سوشل میڈیا پر لفظ ‘ٹک ٹاکر’ اور ‘مک بنگ’ کا بھی استعمال کافی زیادہ دیکھا گیا ، ٹک ٹاکر لفظ کے مطلب وہ شخص ہے جو ٹک ٹاک پر مواد شیئر کرتا ہے ۔

مک بنگ دراصل جنوبی کوریا کی ایک اصطلاح جو ایک ایسے میزبان کو بیان کرنے کے لیے استعمال کی گئی ہے جو بہت زیادہ مقدار میں کھانا کھانے کی ویڈیوز شیئر کرتا ہے ۔ کولنز ڈکشنری میں لینگویج کانٹینٹ کنسلٹنٹ ہیلن نیواسٹیڈ نے کہا کہ زبان ہمارے آس پاس کی دنیا کی عکاس ہے اور 2020 میں عالمی وبا کا غلبہ رہا ہے ۔

Facebook Comments

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here